دیکھ سکتا ہے بھلا کون یہ پیارے آنسو
میری آنکھوں میں نہ آ جائیں تمہارے آنسو
صبح دم دیکھ نہ لے کوئی یہ بھیگا آنچل
میری چغلی کہیں کھا دیں نہ تمہارے آنسو
ہجر ابھی دور ہے میں پاس ہوں اے جانِ جہاں
کیوں ہوئے جاتے ہیں بے چین تمہارے آنسو