Monday, 30 January 2012

jhoomti tehni per uska humnava hoo jaoun mein


جُھومتی ٹہنی پر اُس کا ہمنوا ہو جاؤں میں
وہ اگر ہے پُھول تو بادِ صبا ہو جاؤں میں

اُس کے چہرے پر بکھیروں اپنی کرنیں رات بھر
اُس کے آنگن میں کوئی جلتا دیا ہو جاؤں میں

ہر کسی کا ایک سا کردار تو ہوتا نہیں
بیوفا ہے وہ تو کیسے بیوفا ہو جاؤں میں

وادیوں میں جھومتی گاتی گھٹا ہو جائے وہ
لہلہاتے کھیت کی تازہ ہوا ہو جاؤں میں

اِنکسار اِک میرا اخلاقی فریضہ ہے عدیم
اِس کا مطلب یہ نہیں ہے گردِ پا ہو جاؤں میں

وہ پُجارن بن کے کیا گُزری پہاڑوں سے عدیم
ہر کوئی پتھر پُکارا، دیوتا ہو جاؤں میں

عدیم ہاشمی

No comments:

Post a Comment